صوبائی وزیر کھیل نے ڈنڈا اٹھالیا، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ میں کڑے احتساب کا اعلان

فنڈز کا سخت آڈٹ ہوگا ذمےداران کیخلاف کارروائی ہوگی، تحقیقات مکمل کرلیں، پورے سال میں کچھ افسران نے صرف دو دن کام کیا، وزیراعلی کی منظوری کے بعد پاکستان کی پہلی سپورٹس سائنسز یونیورسٹی بنے گی،کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس میڈیکل سنٹر ایک ماہ میں کام شروع کردے گا

15 اور 16 اپریل وزیراعلیٰ پنجاب ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ جبکہ 19 اپریل کو نیشنل میراتھن و سائیکلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا

مئی میں پاک چائنہ فرینڈشپ گیمز اور نیشنل کبڈی چیمپئن شپ، جون میں چیف منسٹر پنجاب سمر گیمز،جولائی میں سمر کیمپس اور انٹر ڈویژن فٹبال چیمپئن شپ منعقد کی جائے گی، اگست میں پنجاب سوئمنگ چیمپئن شپ، انٹر ڈویژن سائیکلنگ چیمپئن شپ اور ”رستم پنجاب ورستم پاکستان، ستمبر میں پیرا گیمزاور اکتوبر میں پنجاب گیمزکا انعقاد کیاجا ئے گا۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر

صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے جامع اور انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب نے سال 2026کو یوتھ کا سال قراردیا ہے اس حوالے سے اپریل میں سپورٹس کے میگا ایونٹس کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے، 15 اور 16 اپریل کووزیراعلیٰ پنجاب ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ منعقد ہوگی جبکہ 19 اپریل کو نیشنل میراتھن و سائیکلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے، اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی، وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک، ڈی جی سپورٹس پنجا ب محمد طارق قریشی ودیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ رواں ماہ وہونیوالی سی ایم پنجاب ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ میں 400 سے زائد کھلاڑی شرکت کریں گے جبکہ نیشنل میراتھن و سائیکلنگ کیلئے اب تک 7 ہزار سے زائد افراد رجسٹریشن کروا چکے ہیں یہ تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرجائے گی ایونٹ میں 21 کلومیٹر میراتھن، وہیل چیئر ریس، ویمن ریس اور فیملی فن ریس شامل ہوں گی اور 40 لاکھ روپے سے زائد کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے پہلی مرتبہ سالانہ سپورٹس کیلنڈر متعارف کروایا جا رہا ہے جس کے تحت ہر ماہ مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے تاکہ گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ کو تلاش کیا جاسکے،اپریل میں کبڈی، مئی میں اتھلیٹکس، جون میں بیڈمنٹن اور رسہ کشی، جولائی میں ہاکی، اگست میں فٹبال، ستمبر اور اکتوبر میں کراٹے، تائیکوانڈو اور ریسلنگ، نومبر میں والی بال،میراتھن جبکہ دسمبر میں کرکٹ کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے،صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے سالانہ سپورٹس کیلنڈ کے تحت میگا ایونٹس کا شیڈول ترتیت دیا ہے جس کے تحت مئی میں پاک چائنہ فرینڈشپ گیمز اور نیشنل کبڈی چیمپئن شپ منعقد ہوں گی، جون میں چیف منسٹر پنجاب سمر گیمز مری میں ہوں گی جبکہ جولائی میں صوبہ بھر میں سمر کیمپس اور بہاولپور میں انٹر ڈویژن فٹبال چیمپئن شپ منعقد کی جائے گی، اگست میں پنجاب سوئمنگ چیمپئن شپ، انٹر ڈویژن سائیکلنگ چیمپئن شپ اور ”رستم پنجاب ورستم پاکستان کے مقابلے ہوں گے، ستمبر میں پیرا گیمز، اکتوبر میں پنجاب گیمز، نومبر میں سپر مسٹر پنجاب اور مسٹر پاکستان مقابلے جبکہ گوجرانوالہ میں انٹر ڈویژن ریسلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گااور دسمبر میں ونٹر گیمز منعقد ہوں گی۔

صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا ہے کہ پنجاب میں یونیورسٹی آف سپورٹس سائنسز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ”کھیلتے سکول ” پراجیکٹ کے تحت 1000 سکولوں میں گراؤنڈز کو بنائے جائیں گے،، محکمہ سپورٹس میں احتساب، سزا و جزا کا نظام نافذ کیا جا رہا ہے جبکہ تمام سسٹمز کو آن لائن کر کے شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ مانیٹرنگ کیلئے جدید کنٹرول روم قائم کیا جا رہا ہے جہاں سے پنجاب کے تمام سپورٹس سہولیات کو مانیٹر کیا جائے گا،، سپورٹس بورڈ پنجاب اپنی سپورٹس سہولیات کا پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت 650 میں سے 100 سپورٹس سہولیات کو آؤٹ سورس کرنے جارہا ہے،۔ سکواش کمپلیکس کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے اسے جلد کھلاڑیوں کیلئے کھول دیا جائے گا، پورے پنجاب میں 41پیڈل ٹینس کورٹس تعمیر کئے جارہے ہیں جبکہ پنجاب کے تمام ڈویژنز میں سوئمنگ پولز بھی تعمیر کیے جائیں گے، افسران کی کارکردگی کو’s KPIکے ذریعے جانچا جائے گا اور پاکستان کا پہلا اسپورٹس میڈیکل سینٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھرنے کہا ہے کہ یوتھ کیلئے بڑے پروگرام تشکیل دیئے جارہے ہیں جس کے تحت نوجوانوں کیلئے ڈیجیٹل اسکلز، لیڈرشپ اور انٹرپرینیورشپ پروگرامز متعارف کروائے جا رہے ہیں اور جلد ہی یوتھ کیلئے خصوصی ڈیجیٹل چینل بھی لانچ کیا جائے گا، حکومت پنجاب نوجوانوں کو کھیلوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کر کے ایک صحت مند اور باصلاحیت معاشرے کی تشکیل کیلئے پرعزم ہے۔