طوفان باوی سے فلپائن میں 15 افراد ہلاک، جاپان اور تائیوان میں بھی نظامِ زندگی مفلوج

منیلا(غیر ملکی میڈیا)طوفان باوی نے مشرقی ایشیا میں شدید تباہی مچا دی ہے۔ جنوبی فلپائن میں طوفان کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ قریبی جزیرے منڈاناؤ میں 6 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔

طوفان کے اثرات جاپان اور تائیوان تک بھی پہنچ گئے ہیں، جہاں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔

جاپان میں خراب موسمی حالات کے باعث 345 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، فیری سروس معطل ہے جبکہ 24 ہزار سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے جاپان کے اوکیناوا اور ساکیشیما جزائر میں 198 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رفتار رکھنے والی ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔

ادھر طوفان کا رخ تائیوان کی جانب ہونے پر حکام نے احتیاطی اقدامات کے تحت 14 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے، جبکہ 920 بین الاقوامی اور 280 اندرونِ ملک پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

طوفان کے خطرے کے پیشِ نظر تائیوان کے متعدد شہروں میں دفاتر اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب طوفان کے چین کے شہر وینژو سے ٹکرانے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ چینی حکام نے ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیشِ نظر ہنگامی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، جبکہ سیاحتی مقامات اور فیری سروس بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔