عمران خان نے صحت سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا:عظمیٰ خان

اسلام آباد (نمائندگان)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ رات اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال لے جایا گیا، تاہم صبح انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ خان نے کہا کہ وہ پمز اسپتال پہنچیں تو بانی پی ٹی آئی پہلے سے وہاں موجود تھے، خیال تھا کہ انہیں پمز سے شفا انٹرنیشنل اسپتال لے جایا جائے گا، تاہم صبح انہیں واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی صحت سے متعلق شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، جبکہ قیدِ تنہائی کے باعث انہیں اینزائٹی کا سامنا ہے اور بلڈ پریشر کی بھی مسلسل شکایت رہتی ہے۔عظمیٰ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بات نہیں سنی جاتی اور کسی شخص کو ان کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ وہ رات کو اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال پہنچے جہاں انہیں تقریباً 3 گھنٹے انتظار کروایا گیا۔ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق صبح ساڑھے 4 بجے انہیں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال نہیں لایا جائے گا اور وہ پمز اسپتال سے واپس اڈیالہ جیل جا چکے ہیں۔