اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال میں طبی معائنے کے بعد سخت سیکیورٹی میں واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کو کو شفا اسپتال سے اڈیالا جیل انتہائی سخت سیکیورٹی میں لایا گیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اڈیالا جیل واپس منتقلی کے بعد بانی پی ٹی آئی کو ان کے سیل میں شفٹ کردیا گیا ہے۔اس سے قبل عمران خان کو سخت سیکیورٹی حصار میں اڈیالا جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
میڈیاذرائع کے مطابق عمران خان کو سپریم کورٹ کے حکم پر جمعے کی صبح شفا انٹرنیشنل اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔عمران خان کو پطرس بخاری روڈ کے ذریعے اسپتال لایا گیا اور گیٹ نمبر ایک سے اندر داخل کیا گیا۔
شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 8 میں واقع ہے۔ عمران خان کی آمد کے موقع پر پطرس بخاری روڈ اور سروس روڈ ساؤتھ کو بند کردیا گیا تھا جبکہ اسپتال کے اطراف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات تھی۔

