راولپنڈی(انٹر سروسز پبلک ریلیشنز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-2 میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میزائل جدید ترین ایوی اونکس اور جدید نیویگیشنل ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جبکہ تجربے کا مقصد مختلف تکنیکی پہلوؤں کی توثیق اور بہتر درستی کے نظام کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔
بیان کے مطابق اس مشق کے دوران مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کو بھی جانچا گیا تاکہ آپریشنل تیاری کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاک فوج کے سینئر افسران نے مشق کا مشاہدہ کیا، جبکہ اس موقع پر اسٹریٹیجک اداروں کے سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ فورم نے فتح سیریز کے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کی کامیاب تربیتی مشق کو سراہا، جبکہ صدر مملکت، وزیر اعظم اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی مہارت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

