سین ڈیاگو (اے ایف پی، پی اے میڈیا، ایسوسی ایٹڈ پریس، رائٹرز) ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’دی ماسک‘ کے ہدایتکار چک رسل 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
چک رسل کی اہلیہ اور اداکارہ انیا زینے نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا انتقال 22 جولائی کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے سین ڈیاگو میں واقع اپنے گھر میں اچانک ہوا۔ ان کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق چک رسل کے گھر سے ایک شخص کے بے ہوش ہونے کی اطلاع ملنے پر مقامی فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کو طلب کیا گیا تھا، تاہم انہیں بچایا نہ جا سکا۔
فلم ’دی ماسک‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار جم کیری نے چک رسل کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے اعزاز تھا۔ انہوں نے ہدایتکار کو تخلیقی اور خوش مزاج شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’دی ماسک‘ کی عکس بندی کے دوران انہوں نے سیٹ پر بچوں جیسا تخلیقی اور خوشگوار ماحول قائم رکھا۔
چک رسل نے کئی دہائیوں پر محیط اپنے فلمی کیریئر میں ’اے نائٹ میئر آن ایلم اسٹریٹ 3‘، ’دی بلاب‘، ’دی ماسک‘، ’ایریزر‘ اور ’دی اسکارپین کنگ‘ سمیت متعدد کامیاب فلموں کی ہدایتکاری کی۔
1994ء میں ریلیز ہونے والی ’دی ماسک‘ میں جم کیری کے ساتھ کیمرون ڈیاز نے پہلی مرتبہ کسی فیچر فلم میں اداکاری کی تھی۔ چک رسل نے کیمرون ڈیاز کو اس کردار کے لیے منتخب کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ فلم کو بہترین بصری اثرات کے لیے آسکر ایوارڈ کی نامزدگی بھی ملی۔
ہدایتکاری کے علاوہ چک رسل نے اسکرین رائٹر کے طور پر بھی کام کیا اور 1984ء کی سائنس فکشن فلم ’ڈریم اسکیپ‘ کی کہانی تحریر کی۔ ان کی آخری فلم ’وچ بورڈ‘ 2024ء میں ریلیز ہوئی تھی۔

