فٹ بال ورلڈ کپ، کینیڈا اور بوسنیا کا میچ ایک، ایک گول سے برابر

ٹورنٹو (غیر ملکی میڈیا)فٹ بال ورلڈ کپ کے دوسرے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں میزبان کینیڈا اور بوسنیا کے درمیان مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر رہا۔

ٹورنٹو کے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کینیڈا نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم برتری حاصل کرنے میں بوسنیا کامیاب رہا۔ بوسنیا کے کھلاڑی جووو لوکچ نے 21ویں منٹ میں گیند جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو ایک، صفر کی برتری دلائی، جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔

دوسرے ہاف میں کینیڈا نے مزید جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور کئی مواقع بھی حاصل کیے، تاہم ابتدائی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں۔

کھیل کے 79ویں منٹ میں کینیڈا کی محنت رنگ لے آئی اور کھلاڑی گائل نے شاندار کک کے ذریعے گول کر کے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔

اس کے بعد دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کرنے کی بھرپور کوشش کی، تاہم کوئی بھی ٹیم کامیاب نہ ہو سکی اور میچ ایک، ایک گول کی برابری پر ختم ہوا۔