میامی (فیفا+بین الاقوامی میڈیا)فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے ناروے کو 1-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اس کا مقابلہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا سے ہوگا۔
میچ کے آغاز میں ناروے نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 36ویں منٹ میں شیلدروپ کے ذریعے گول اسکور کیا اور ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ تاہم انگلینڈ نے دوسرے ہاف میں شاندار واپسی کرتے ہوئے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے دونوں گول جوڈ بیلنگھم نے اسکور کیے، جن کی بدولت ٹیم نے 1-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنا لی۔
یہ فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں چوتھا موقع ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم سیمی فائنل تک پہنچی ہے۔ انگلینڈ نے 1966ء میں پہلی اور اب تک واحد مرتبہ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس کے بعد وہ 1990ء اور پھر 2018ء کے ورلڈ کپ میں بھی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر چکا ہے، جبکہ اب 2026ء میں ایک بار پھر آخری چار ٹیموں میں شامل ہوگیا ہے۔
دوسری جانب ناروے کی ٹیم نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ ناروے نے 28 برس بعد میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا اور یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنائی، تاہم اس کا سفر کوارٹر فائنل میں اختتام پذیر ہوگیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسپین، فرانس اور ارجنٹینا بھی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکے ہیں، جبکہ انگلینڈ کی کامیابی کے بعد سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ اب سیمی فائنل میں اسپین کا مقابلہ فرانس سے جبکہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کا سامنا انگلینڈ سے ہوگا۔

