میکسیکو سٹی( بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ کے دوران فٹبال کی شوقین ‘مارلین’ نامی بطخ اپنی فیملی کے ہمراہ میکسیکو اور جمہوریہ چیک کے درمیان میچ دیکھنے کیلئےمیکسیکو سٹی پہنچی تو میڈیا اور شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے منتظمین سے مطالبہ کیا کہ مارلین کو اپنی فیملی کے ساتھ میچ دیکھنے کی اجازت دی جائے، تاہم منتظمین نے اسے اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔
بعد ازاں میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے بعد مارلین کو لاطینی امریکا کے ایک بڑے ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے خصوصی پروگرام کی ریکارڈنگ کیلئے ازٹیکا اسٹیڈیم کے بیرونی احاطے میں آنے کی اجازت دی گئی، جہاں بڑی تعداد میں شائقین اس منفرد مہمان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے جمع ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق منتظمین نے واضح کیا کہ فیفا کے قوانین کے تحت جانوروں کو ان کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے پیش نظر اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جاتی، اسی لئےمارلین کو میچ کے دوران اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
منتظمین کے ترجمان نے بتایا کہ مارلین کو صرف خصوصی پروگرام کی ریکارڈنگ کیلئےاسٹیڈیم کے بیرونی احاطے تک رسائی دی گئی تھی، جبکہ میدان اور تماشائیوں کے حصے میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔

