نیویارک( فیفا، بین الاقوامی میڈیا)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے پہلے راؤنڈ کے اختتام تک مجموعی طور پر 75 گول اسکور کیے جا چکے ہیں، جس کے بعد فی میچ گولز کی اوسط 3.1 تک پہنچ گئی ہے، جو گزشتہ کئی دہائیوں کے مقابلے میں ایک منفرد ریکارڈ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق 1958 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے میں فی میچ گولز کی اوسط تین سے زائد رہی، جس سے ٹورنامنٹ میں جارحانہ کھیل اور سنسنی خیز مقابلوں کی عکاسی ہوتی ہے۔
پہلے 24 میچز میں مجموعی طور پر 600 شاٹس لیے گئے، جن میں سے 200 ہدف پر رہے، جبکہ 24 میں سے 9 میچز برابر رہے، جو ٹیموں کے درمیان سخت اور متوازن مقابلے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
پاسنگ کے شعبے میں اسپین نے سب سے متاثر کن کارکردگی دکھائی اور ایک میچ میں 811 کامیاب پاسز مکمل کیے۔ ٹورنامنٹ میں اب تک مجموعی طور پر 22 ہزار 520 پاسز کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 19 ہزار 264 کامیاب رہے۔
جرمنی نے ایک میچ میں سات گول اسکور کرکے اب تک کی سب سے بڑی فتح اپنے نام کی، جبکہ ترکیے نے ایک میچ میں 30 شاٹس لگا کر سب سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔
یوروگوئے نے 42 کراسز اور 14 کارنرز کے ساتھ ان دونوں شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ ٹورنامنٹ میں اب تک مجموعی طور پر 205 کارنرز، 72 آف سائیڈز، 52 پیلے کارڈز اور صرف تین سرخ کارڈز دکھائے جا چکے ہیں۔
انفرادی کارکردگیوں میں ارجنٹینا کے لیونل میسی تین گولز کے ساتھ ابتدائی مرحلے کے مشترکہ ٹاپ اسکورر ہیں، جبکہ ترکیے کے آردا گولر آٹھ شاٹس کے ساتھ سب سے زیادہ شاٹس لینے والے کھلاڑی رہے۔
آئیوری کوسٹ کے اماد دیالو کامیاب ڈریبلز کی فہرست میں سرفہرست ہیں، جبکہ جرمنی کے جوشوا کِمِش دو اسسٹس کے ساتھ ابتدائی مرحلے کے نمایاں پلے میکر کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

