فیفا ورلڈ کپ 2026: چیمپئن اسپین پر ڈالروں کی بارش، فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالرز انعام

نیویارک (رائٹرز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والی اسپین کی ٹیم پر انعامی رقم کی بارش ہوگئی۔

فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم اسپین کو 5 کروڑ ڈالر کی انعامی رقم دی گئی، جبکہ 2022 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ملے تھے۔

فائنل میں شکست کھانے والی رنر اپ ٹیم ارجنٹینا کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر انعام میں دیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی انگلینڈ کی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر جبکہ چوتھے نمبر پر آنے والی فرانس کی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملی۔

فیفا نے بتایا کہ ورلڈ کپ 2026 میں مجموعی طور پر 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی گئی، جبکہ 2022 کے ورلڈ کپ میں مجموعی انعامی رقم 44 کروڑ ڈالر تھی۔

واضح رہے کہ نیویارک میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں اسپین نے ارجنٹینا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر 16 برس بعد دوسری بار فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں، جبکہ اضافی وقت کے پہلے ہاف میں بھی مقابلہ برابر رہا۔ تاہم اضافی وقت کے دوسرے اور فیصلہ کن ہاف کے آغاز میں اسپین کے فیرن ٹوریس نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور اسپین عالمی چیمپئن بن گیا۔