نیویارک (رائٹرز) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل سے قبل نیویارک اور نیو جرسی میں فضائی آلودگی سے متعلق ہیلتھ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق نیویارک اور نیو جرسی کے حکام نے کینیڈا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے اٹھنے والے دھوئیں کے باعث ایئر کوالٹی ہیلتھ الرٹ جاری کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کینیڈا سے آنے والے دھوئیں نے نیویارک اور نیو جرسی کی فضا کو متاثر کیا ہے، جبکہ اتوار کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈ کپ 2026ء کا فائنل اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جانا ہے۔
اسپین کی ٹیم نے نیو جرسی میں اپنا تربیتی سیشن مکمل کیا، تاہم کھلاڑیوں یا ٹیم انتظامیہ کی جانب سے فضائی آلودگی کے حوالے سے کسی تشویش کا اظہار نہیں کیا گیا، جبکہ ارجنٹینا کی ٹیم نے فائنل سے قبل اپنی تیاریوں کا آغاز آج سے کرنا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں تیز ہوائیں چلنے یا بارش ہونے کی صورت میں ہی دھوئیں کے بادل چھٹنے اور فضائی معیار میں بہتری آنے کا امکان ہے۔

