فیفا ورلڈ کپ 2026ء فائنل کے ٹکٹوں کی قیمت نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے

نیویارک/بیونس آئرس (مانیٹرنگ ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل میچ کے ٹکٹ امریکی کھیلوں کی تاریخ کے مہنگے ترین ٹکٹ بن گئے ہیں، جبکہ ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے اسپین کے نوجوان فٹبالر لامین یامال کے ساتھ اپنی برسوں پرانی وائرل تصویر پر دلچسپ ردِعمل دیا ہے۔

فوربز کی رپورٹ کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل کے لیے کم از کم ٹکٹ کی قیمت 6 ہزار 943 ڈالر جبکہ اوسط خریداری قیمت 11 ہزار 327 ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو امریکا میں کسی بھی کھیلوں کے مقابلے کے ٹکٹ کی اب تک کی بلند ترین اوسط قیمت ہے۔

رپورٹ کے مطابق نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں سیکشن 115A کی ایک نشست کی قیمت 28 ہزار 479 ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس سے قبل 2024ء کے سپر باؤل کے ٹکٹ اوسطاً 9 ہزار 411 ڈالر کے ساتھ امریکا کے مہنگے ترین کھیلوں کے ایونٹ کے ٹکٹ سمجھے جاتے تھے۔

دوسری جانب ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال کے ساتھ 2007ء میں کھنچوائی گئی اپنی وائرل تصویر پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر زندگی کے حیران کن اتفاقات میں سے ایک ہے۔میسی نے لامین یامال کو دنیا کے بہترین نوجوان کھلاڑیوں میں شمار کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ میسی اور لامین یامال کی مشترکہ تصویر 2024ء میں دوبارہ منظرِ عام پر آئی تھی، جب یامال کے والد نے یورپی چیمپئن شپ کے دوران اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس کے بعد یہ تصویر دنیا بھر میں غیر معمولی توجہ کا مرکز بن گئی۔