فیفا ورلڈ کپ 2026ء: فاتح ٹیم کوخصوصی چیمپئن شپ رنگز بھی دی جائیں گی

زیورخ (اے ایف پی، فیفا) عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء کی فاتح ٹیم کو پہلی مرتبہ روایتی ورلڈ کپ ٹرافی اور گولڈ میڈلز کے ساتھ خصوصی چیمپئن شپ رنگز بھی دی جائیں گی۔

فیفا کے مطابق اس اقدام کے ذریعے پہلی بار کسی بھی فیفا ٹورنامنٹ کے فاتح کو امریکی کھیلوں کی معروف روایت کے مطابق خصوصی چیمپئن شپ رنگز سے بھی نوازا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق ورلڈ کپ 2026ء کی مناسبت سے مجموعی طور پر 2 ہزار 26 رنگز تیار کی جائیں گی۔ ان میں سے 30 رنگز فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں، کوچز اور آفیشلز کے لیے مخصوص ہوں گی، جبکہ باقی ایک ہزار 996 رنگز دنیا بھر کے شائقین کے لیے سرکاری لائسنس یافتہ مصنوعات کے طور پر فروخت کی جائیں گی۔

فیفا نے بتایا کہ ہر رنگ کے ایک جانب فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کا ڈیزائن ہوگا، جبکہ دوسری جانب فاتح ٹیم کی شناخت نمایاں کی جائے گی۔ ہر رنگ پر منفرد سیریل نمبر درج ہوگا، اس کے ساتھ سرٹیفکیٹ آف آتھنٹیسٹی بھی فراہم کیا جائے گا اور کھلاڑیوں کے لیے رنگ ان کے مخصوص سائز کے مطابق تیار کی جائیں گی۔

اعلامیے کے مطابق ورلڈ کپ فائنل کے فوراً بعد فاتح ٹیم کے کپتان اور ہیڈ کوچ کو یادگاری طور پر عارضی چیمپئن شپ رنگز دی جائیں گی، جبکہ فاتح اسکواڈ کے لیے تیار کی گئی تمام 30 مستقل رنگز بعد ازاں ایک خصوصی تقریب میں باضابطہ طور پر پیش کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء کا فائنل 19 جولائی کو نیویارک، نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا جائے گا۔