فیفا ورلڈ کپ: ناروے کی عراق کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست

بوسٹن( فیفا ورلڈ کپ)فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ناروے نے اپنے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عراق کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے دی، جس میں اسٹار فارورڈ ایرلنگ ہالینڈ نے دو گول اسکور کیے۔

بوسٹن میں کھیلے گئے میچ کا پہلا ہاف انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا، جہاں دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز میں کھیل پیش کیا اور شائقین کو تیز رفتار فٹبال دیکھنے کو ملی۔میچ میں اسکورنگ کا آغاز ناروے نے 29ویں منٹ میں کیا، جب ایرلنگ ہالینڈ نے گیند کو حریف ٹیم کے جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

اس کے صرف دس منٹ بعد عراق کے ایمن حسین نے گول کر کے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا، تاہم پہلے ہاف کے اختتام سے چند لمحے قبل ایرلنگ ہالینڈ نے اپنا دوسرا گول کر کے ناروے کو دوبارہ برتری دلا دی، یوں وقفے تک اسکور ایک کے مقابلے میں دو رہا۔

دوسرے ہاف میں بھی ناروے کی ٹیم کا دباؤ برقرار رہا اور 76ویں منٹ میں اوسٹی گارڈ نے تیسرا گول کر دیا۔ میچ کے آخری لمحات میں عراق کی جانب سے ہونے والے ایک خود ساختہ گول کے باعث ناروے کی برتری چار، ایک ہو گئی اور مقررہ وقت کے اختتام پر یہی اسکور برقرار رہا۔