قزاقوں کو تاوان دے کر پاکستانی ملاحوں کی رہائی ممکن نہیں:اسحاق ڈار

لندن (نمائندہ خصوصی)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ صومالیہ میں بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانی ملاحوں کی رہائی کیلئے کوششیں جاری ہیں، تاہم قزاقوں کو تاوان دینے کی بات نہیں مانی جاسکتی۔

لندن کے چار روزہ دورے پر پہنچنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ صومالیہ میں بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنے پاکستانی ملاحوں کی واپسی کو چار ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، تاہم وہ تاحال بازیاب نہیں ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ مغوی ملاحوں کے اہل خانہ پریشان ہیں اور یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدامات چاہتے ہیں۔نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی قوانین کے تحت مغویوں کو تاوان دے کر رہا نہیں کرایا جاسکتا، اگر قزاقوں کو اس طرح رقم ملنا شروع ہوگئی تو وہ اسی عمل کو جاری رکھیں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ قزاقوں کے ہاتھوں پھنسے 10 پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں، تاہم ان کوششوں کی تفصیلات فی الحال نہیں بتائی جاسکتیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ کسی بھی ممکنہ طریقے سے پاکستانی ملاحوں کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔