قلات: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد ہلاک

قلات(آئی ایس پی آر) پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق پناہ گاہ کی نشاندہی، نگرانی اور بروقت کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کا صفایا کیا گیا، جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے برآمد ہونے والا اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز بھی موقع پر تباہ کردیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔