راولپنڈی (آئی ایس پی آر) افواج پاکستان نے قوم کو پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے پُرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو 79ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج قائداعظم محمد علی جناح اور قیام پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔ بانیان پاکستان کا وژن، حوصلہ اور عزم آج بھی قوم کیلئے رہنمائی کا ذریعہ ہے، ان کا وژن اور اصول قوم کو پاکستان کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کیلئے مسلسل متاثر کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں جبکہ غازیوں اور سابق فوجیوں کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی خدمات اور ہر پاکستانی کی قومی خدمات کا بھی اعتراف کرتے ہیں۔ شہدا، غازیوں، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور قوم کی بے لوث خدمات نے پاکستان کی استقامت کو مضبوط کیا ہے۔

