قومی سائیکلسٹ نتالیہ خان 28 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی قومی سائیکلسٹ نتالیہ خان 28 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، ان کے انتقال پر کھیلوں کے حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

صدر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن سید اظہر علی شاہ کے مطابق نتالیہ خان گردوں کے عارضے میں مبتلا تھیں اور سرجری کے بعد صحت یاب نہ ہو سکیں، جس کے باعث ان کی حالت مزید بگڑ گئی۔

انہوں نے کہا کہ نتالیہ خان نہ صرف ایک باصلاحیت سائیکلسٹ تھیں بلکہ روئنگ کے کھیل سے بھی وابستہ رہیں اور قومی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔

سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے تمام اراکین کو ان کے انتقال پر دلی صدمہ ہوا ہے اور ادارہ مرحومہ کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔