لاس اینجلس اولمپکس: کرکٹ ایونٹ میں 6 مردوں اور 6خواتین کی ٹیمیں شریک ہوں گی

دبئی( آئی سی سی، بین الاقوامی میڈیا)لاس اینجلس اولمپکس 2028ء کے کرکٹ مقابلوں میں مردوں اور خواتین کی 6، 6 ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ ٹیموں کی اہلیت کے طریقۂ کار کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق افریقا، ایشیا، یورپ اور اوشیانا کی سرفہرست ٹیمیں براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کریں گی، جبکہ باقی ٹیموں کا فیصلہ آئی سی سی اولمپک کوالیفائر ٹورنامنٹس کے ذریعے ہوگا۔اگر میزبان امریکا آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں ابتدائی 15 ٹیموں میں شامل ہوا تو اسے میزبان کی حیثیت سے شرکت کا موقع ملے گا۔

رپورٹس کے مطابق ٹیموں کا انتخاب موجودہ آئی سی سی ایونٹس اور ٹی ٹوئنٹی عالمی درجہ بندی کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ چھٹی ٹیم کا فیصلہ آئی سی سی اولمپک کوالیفائر سے ہوگا۔ ان کوالیفائر مقابلوں میں مردوں اور خواتین کی 8، 8 ٹیمیں شریک ہوں گی، جن کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔

خواتین کے ایونٹ کے لیے آسٹریلیا، بھارت، برطانیہ اور جنوبی افریقا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی کارکردگی کی بنیاد پر پہلے ہی براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

اولمپکس میں شریک 6 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ گروپ مرحلے کے بعد سرفہرست ٹیمیں کراس اوور میچز کھیلیں گی، جس کے بعد پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں سونے اور چاندی کے تمغے کے لیے مدِمقابل ہوں گی، جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن والی ٹیموں کے درمیان کانسی کے تمغے کا مقابلہ ہوگا۔