لاس اینجلس(نمائندہ خصوصی)لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل عاصم علی خان نے اپنی مدتِ تعیناتی کے اختتام پر پاکستانی نژاد امریکی برادری کی جانب سے ملنے والی محبت، احترام اور تعاون پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔
اپنے الوداعی پیغام میں انہوں نے کہا کہ بعض رخصتیں اسلئےمشکل ہوتی ہیں کہ وہ صرف ان مقامات کی یاد نہیں دلاتیں جنہیں انسان چھوڑ کر جا رہا ہوتا ہے بلکہ ان لوگوں کی بھی یاد دلاتی ہیں جنہوں نے ان جگہوں کو گھر جیسا احساس دیا۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ لاس اینجلس سے روانگی کی تیاری کر رہے ہیں تو پاکستانی نژاد امریکی برادری کی جانب سے ملنے والی بے پناہ محبت اور خلوص نے انہیں بے حد متاثر کیا ہے۔
انہوں نے فرینڈز آف پاکستان (FOP) کی جانب سے اپنے اعزاز میں شاندار اور یادگار الوداعی تقریب کے انعقاد پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک الوداعی تقریب نہیں بلکہ ایسے دوستوں کی محفل تھی جو لاس اینجلس میں ان کی پوری سفارتی ذمہ داری کے دوران ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑے رہے۔

انہوں نے فرینڈز آف پاکستان کے صدر عارف ظفر منصوری، جمال خواجہ، عابدہ احمد، اشرف علی، الماس احمد اور دیگر تمام اراکین کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دوستی، مہربانی اور بے لوث خدمات نے اس تنظیم کو پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک مثالی ادارہ بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران فرینڈز آف پاکستان، قونصل خانہ پاکستان لاس اینجلس کا ایک قابلِ اعتماد شراکت دار رہا۔ قومی تقریبات کے انعقاد، معزز مہمانوں کے استقبال، انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں اور کمیونٹی کے روابط مضبوط بنانے میں تنظیم نے ہمیشہ بھرپور تعاون، فراخ دلی اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت دراصل لوگوں سے تعلق کا نام ہے اور اسی نوعیت کے مضبوط رشتے کسی بھی سفارتی ذمہ داری کو ناقابلِ فراموش بنا دیتے ہیں۔
قونصل جنرل عاصم علی خان نے کہا کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ زندگی کے نئے مرحلے کا آغاز کر رہے ہیں مگر جنوبی کیلیفورنیا میں بننے والی دوستیوں اور یادوں کو ہمیشہ اپنے دل کے قریب رکھیں گے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فرینڈز آف پاکستان، اس کی قیادت اور پوری پاکستانی نژاد امریکی برادری کو اتحاد، خوشحالی اور کامیابی عطا فرمائے اور سب کو پاکستان سے محبت اور ایک دوسرے کی خدمت کے جذبے سے ہمیشہ جوڑے رکھے۔
قونصل جنرل عاصم علی خان نے اس موقع پر تقریب میں شرکت کرنے والی مختلف سماجی اور پیشہ ورانہ تنظیموں، جن میں ایپنا سدرن کیلیفورنیا (APPNA SoCal)، ہیومن ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن (HDF)، اردو اکیڈمی، آرٹیشیا سٹی کے کونسل ممبر اور سابق میئر علی تاج اور ایل ڈی ایس چرچ کے نمائندے شامل تھے، کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ جنوبی کیلیفورنیا کو ان کیلئے گھر جیسا بنانے پر وہ سب کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، وہ سب کو بہت یاد کریں گے اور جہاں بھی جائیں گے ان کی دوستی ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گی۔پاکستان زندہ باد!

