پشاور (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کیلئےتحریک انصاف کی پوری سیاسی قیادت اور اتحادی آن بورڈ ہیں، تاہم بانیٔ پی ٹی آئی کی ہدایت پر لانگ مارچ کی کال واپس بھی لی جاسکتی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ تحریک انصاف پر الزام لگایا جاتا تھا کہ وہ انتشار کی سیاست کرتی ہے، تاہم پرامن احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جو غیر آئینی ہے، جبکہ ان کی بہنوں اور وکلا کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو ان کے ذاتی معالجین تک رسائی دی جائے اور ان کا بہترین اسپتال میں علاج کرایا جائے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ علیمہ خان غیر سیاسی ہیں اور ان کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ کے لیے پوری سیاسی قیادت اور اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے، تاہم اگر بانیٔ پی ٹی آئی لانگ مارچ کی کال واپس لینے کا کہیں گے تو ہم ان کی ہدایت پر عمل کریں گے۔

