لاہور :حیدرآباد کو شکست دے کر پشاور زلمی پی ایس ایل 11 کی چیمپئن بن گئی

حیدرآباد کنگز مین کو فائنل میں پانچ وکٹوں سے شکست، ایرن ہارڈی آل راؤنڈ پرفارمنس پر
مین آف دی میچ قرار پاۓ، شکست پر دلبرداشتہ کپتان مارنس لیبوشین کے آنسو چھلک پڑے

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے فائنل میں پشاور زلمی، حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹ سے شکست دے کر دوسری بار پی ایس ایل کی چیمپئن بن گئی۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 11 کے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے حیدرآبادکنگزمین کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کیخلاف حیدرآباد کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 18 اوور میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے صائم ایوب 54 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، انہوں نے ایونٹ کی پہلی نصف سنچری مکمل کی۔حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنوس لبوشین 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ معاذ صداقت نے 11 رنز بنائے۔ گلین میکسویل صفرپر آؤٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ حسان خان 12 رنز بناسکے، عرفان نیازی اور کوشال پریرا نے ایک ایک رن بنایا۔ پشاور زلمی کی جانب سے ایرن ہارڈی 27 رنز کے عوض 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے، ناہید رانا نے 22 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں ابتدا میں پشاور زلمی کو مشکلات کا سامنا رہا ، کپتان بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوئے، حارث نے 6 اور کوشال مینڈس نے 9 رنز بنائے۔بریسویل بھی 4 رنز بناسکے۔ زلمی کی چوتھی وکٹ 40 رنز پر گرگئی تھی جس کے بعد ایرون ہارڈی نے 56 اور عبدالصمد نے 48 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح دلوادی۔پشاور زلمی نے 130 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ایرون ہارڈی نے فائنل میں آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور 56 رنزکے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے محمد علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پی ایس ایل 11 کے فائنل میں 32 ہزار 461 افراد نے اسٹیڈیم میں میچ دیکھا جو کہ پی ایس ایل کی اب تک کی تاریخ میں کسی بھی میچ میں تماشائیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ فاتح ٹیم کو پانچ اور رنرز اپ کو تین لاکھ روپے انعام دیا گیا۔