لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور کے داتا دربار کے کیش باکس سے کروڑوں روپے کی مبینہ چوری کا انکشاف سامنے آنے کے بعد محکمہ اوقاف پنجاب نے دو منیجرز کی تنزلی کرتے ہوئے سوا کروڑ روپے کی ریکوری کا حکم دے دیا ہے۔محکمہ اوقاف کے مطابق واقعے کے بعد صوبے بھر کے مزارات پر نصب کیش باکسز سے چوری کی روک تھام کیلئےڈیجیٹائزیشن کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
پنجاب کے وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین نے کہا کہ مزارات پر نصب کیش باکسز کی آمدن مقدس امانت ہے لیکن بدقسمتی سے ان کیش باکسز سے چوری کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف کو ہر قسم کی کرپشن سے پاک کیا جائے گا اور سرکاری امانت میں خیانت کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

