لاہور (سپورٹس ڈیسک)قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدرآباد کنگزمین کو 40 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ کی جانب سے شامل حسین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 54 رنز بنائے اور مسلسل دوسرے میچ میں نصف سنچری اسکور کی، جبکہ حسن نواز نے 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ ٹام کرن 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے میریڈتھ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مہیش تھیکشنا اور عاکف جاوید نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز ہی بنا سکی۔ عرفان خان نیازی 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ حسان خان نے 31 اور کپتان مارنس لبوشین نے 23 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ احمد دانیال نے 2 اور الزاری جوزف، عثمان طارق اور سعود شکیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔شاندار کارکردگی پر شامل حسین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

