لاہور: ہتک عزت کیس، میشا شفیع کو 50 لاکھ ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

لاہور (نمائندہ خصوصی)سیشن کورٹ لاہور نے گلوکار علی ظفر کے میشا شفیع کے خلاف دائر ہتک عزت کے دعوے کا فیصلہ سناتے ہوئے گلوکارہ میشا شفیع کو 50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج آصف حیات نے محفوظ فیصلہ سنایا، جس میں عدالت نے میشا شفیع کو ہراسگی سے متعلق ٹوئٹ کرنے سے بھی روک دیا۔عدالت میں علی ظفر کی جانب سے ایڈووکیٹ عمر طارق گل جبکہ میشا شفیع کی جانب سے ایڈووکیٹ ثاقب جیلانی نے دلائل دیے۔

علی ظفر نے میشا شفیع کیخلاف 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا، جبکہ میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔کیس کے دوران مجموعی طور پر 20 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے، 284 پیشیاں ہوئیں اور اس عرصے میں 9 ججز کے تبادلے بھی ہوئے۔علی ظفر نے یہ دعویٰ 2018 میں دائر کیا تھا۔