لندن (نمائندہ خصوصی) سینٹرل لندن میں غیر سماجی اور خطرناک ڈرائیونگ کیخلاف کارروائی کے دوران پولیس نے 8 ملین پاؤنڈ سے زائد مالیت کی 90 گاڑیاں ضبط کرلیں، جن میں 3.7 ملین پاؤنڈ مالیت کی نایاب فیراری مونزا بھی شامل ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس نے موٹر انشوررز بیورو کے تعاون سے 7 سے 9 اگست کے دوران ہائیڈ پارک، کینزنگٹن اور چیلسی کے علاقوں میں بغیر انشورنس گاڑی چلانے، غیر سماجی رویے اور خطرناک ڈرائیونگ کیخلاف خصوصی آپریشن کیا۔
پولیس کے مطابق ضبط کی جانے والی سب سے مہنگی گاڑی فیراری مونزا تھی، جو کارروائی سے صرف ایک روز قبل برطانیہ پہنچی تھی اور ڈرائیور کو بھی تقریباً آدھا گھنٹہ قبل ہی دی گئی تھی۔ پولیس نے گاڑی روکی تو ڈرائیور کے پاس صرف عارضی ڈرائیونگ لائسنس تھا جبکہ گاڑی کی انشورنس بھی موجود نہیں تھی۔
اطالوی کمپنی کی تیار کردہ فیراری مونزا صرف 499 گاڑیوں میں سے ایک ہے، جبکہ اسی ماڈل کی ایک گاڑی رواں برس کے آغاز میں ہونے والی نیلامی میں 3.7 ملین پاؤنڈ میں فروخت ہوئی تھی۔پولیس نے آپریشن کے دوران غیر سماجی رویوں میں ملوث ڈرائیوروں کو محض تنبیہ کرنے کے بجائے گاڑیاں ضبط کرنے کے لیے حاصل نئے اختیارات بھی استعمال کیے۔
آپریشن کی قیادت کرنیوالے اسپیشل چیف انسپیکٹر جیک ٹاٹ مین نے کہا کہ مقامی لوگ غیر سماجی ڈرائیونگ سے تنگ آچکے ہیں، اسلئے یہ کارروائی واضح پیغام ہے کہ پولیس لاپرواہ اور خطرناک ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کریگی۔
پولیس کے مطابق برطانیہ میں ہر ہفتے ایک شخص بغیر انشورنس گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کے باعث ہلاک ہوجاتا ہے۔ کارروائی کے دوران بعض ڈرائیورز کے قبضے سے ڈیڑھ ہزار پاؤنڈ نقد رقم، 19 بینک کارڈز اور منشیات بھی برآمد ہوئیں۔

