لندن:برطانوی وزیراعظم کی جبری گود لینے کی پالیسی پر باضابطہ معافی

لندن(برطانوی میڈیا)برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے انگلینڈ اور ویلز میں ماضی میں غیر شادی شدہ ماؤں سے بچوں کو جبری طور پر گود دلوانے میں ریاست کے کردار پر باضابطہ معافی مانگ لی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 1950ء سے 1970ء کی دہائی تک بغیر شادی بچوں کو جنم دینے والی ہزاروں خواتین پر اپنے نومولود بچوں کو گود دینے کے لیے شدید دباؤ ڈالا جاتا تھا۔رپورٹس کے مطابق اندازاً ایک لاکھ 85 ہزار ماؤں کو اپنے بچوں سے علیحدگی پر مجبور کیا گیا، جس کے باعث ہزاروں خاندان متاثر ہوئے۔

پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ ہزاروں ماؤں، بچوں اور خاندانوں کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ برطانیہ کی تاریخ پر ایک سیاہ داغ ہے۔انہوں نے متاثرہ خواتین سے مخاطب ہو کر کہا، “شرم تمہاری نہیں تھی، کبھی تمہاری نہیں تھی، شرم ہماری تھی۔”

برطانوی میڈیا کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ معافی متاثرہ خاندانوں کی برسوں پر محیط مہم، متعدد پارلیمانی رپورٹس اور مسلسل مطالبات کے بعد سامنے آئی ہے۔ وزیرِاعظم کے پارلیمنٹ میں بیان سے قبل مہم چلانے والے متاثرہ افراد نے ان سے ملاقات بھی کی۔