متحدہ عرب امارات کا اوپیک اور اوپیک پلس سے علیحدگی کا اعلان

ابوظبی(نمائندہ خصوصی)متحدہ عرب امارات نے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک اور اوپیک پلس سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق یکم مئی 2026 سے ہوگا۔اماراتی حکام کے مطابق اس فیصلے کے بعد ملک تیل کی فروخت اور پیداوار سے متعلق پالیسی میں مکمل خودمختاری حاصل کرے گا۔

امارات نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے عالمی تیل منڈی پر اثرات متوقع ہیں، کیونکہ اوپیک اور اوپیک پلس عالمی سطح پر تیل کی پیداوار اور قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اوپیک کا قیام 1960 میں عمل میں آیا تھا، جس کے اہم اراکین میں سعودی عرب، ایران، عراق اور کویت شامل ہیں، جبکہ اوپیک پلس میں روس سمیت دیگر تیل پیدا کرنے والے ممالک شامل ہیں۔

اوپیک کا بنیادی مقصد عالمی تیل منڈی کو مستحکم رکھنا اور رکن ممالک کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے، تاہم متحدہ عرب امارات کے اس فیصلے کو توانائی پالیسی میں بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔