محسن نواز تمغہِ امتیاز حاصل کرنے والے پہلے شوٹر بن گئے

پاکستان کے مایہ ناز لانگ رینج شوٹر محسن نواز تمغہِ امتیاز حاصل کرنے والے پہلے شوٹنگ سپورٹس اتھلیٹ بن گئے۔ اسلام آباد میں منعقدہ صدارتی اعزازات کی تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے محسن نواز کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر تمغے سے نوازا۔ ایوارڈ وصول کرنے کے بعد محسن نواز نے اسے پوری شوٹنگ کمیونٹی کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا اور اپنی کامیابی والدین، کوچز اور حامیوں کے نام کی۔

محسن نواز نے پاکستان میں شوٹنگ کے انفراسٹرکچر کی ترقی کا کریڈٹ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سرپرستی اور ’پاکستان لانگ رینج رائفل ایسوسی ایشن‘ کے قیام کو دیا۔ان کے اعزازات میں امریکہ، جنوبی افریقہ اور یورپ میں حاصل کردہ میڈلز شامل ہیں۔ محسن رواں برس برطانیہ میں ہونیوالی ایف-کلاس ورلڈ چیمپئن شپ کی تیاریوں میں مصروف اور ملک میں کھیلوں کی اصلاحات اور تربیتی سہولیات کی بہتری کیلئےسرگرم عمل ہیں۔