مسی ساگا میں 21ویں’ٹی ڈی موزیک فیسٹیول‘کا شاندار آغاز

ویبھَو گپتا، دہلی ٹو ڈبلن، علی کاظمی سمیت متعدد فنکاروں کی پرفارمنس، صنم ماروی آج اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی

مسی ساگا (اشرف خان لودھی سے) کمیونٹی آرٹس انیشی ایٹو (سی سی اے آئی) کے زیرِ اہتمام 21واں سالانہ ٹی ڈی موزیک جنوبی ایشیائی ثقافتی میلہ جمعہ کی شام مسی ساگا کے سیلیبریشن اسکوائر میں شاندار انداز میں شروع ہوگیا، جو یکم اگست تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول میں موسیقی، ثقافت، رقص، فنونِ لطیفہ، روایتی کھانوں، خریداری اور خاندانی تفریح کے رنگا رنگ پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں۔

افتتاحی روز عالمی شہرت یافتہ بینڈ دہلی ٹو ڈبلن، انڈین آئیڈل کے فاتح گلوکار ویبھَو گپتا، جادو انٹرٹینمنٹ، زارا مدنی، ڈیسٹنی بینڈ اور فلم و ٹی وی کے معروف فنکار علی کاظمی سمیت متعدد فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جبکہ پاکستان کی معروف صوفی گلوکارہ صنم ماروی، معروف موسیقار شیلم زیویئر اور دیگر فنکار آج (یکم اگست) اسٹیج پر پرفارم کریں گے۔

فیسٹیول کے بانی ارشد محمود نے جنگ نیوزکینیڈاکے چیف ایڈیٹراشرف خان لودھی سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ ٹی ڈی موزیک اپنے 21ویں سال میں داخل ہو چکا ہے اور دو روزہ تقریبات میں موسیقی، رقص، ثقافت اور تفریح کے متنوع رنگ پیش کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افتتاحی روز متعدد معروف فنکاروں نے شرکت کی جبکہ دوسرے روز صنم ماروی اپنی صوفیانہ گائیکی سے شرکاء کو محظوظ کریں گی۔ ان کے مطابق فیسٹیول میں تقریباً 22 ریستوران، مختلف نمائشیں اور متعدد اسپانسرز شریک ہیں، جن کے تعاون سے یہ ثقافتی میلہ کامیابی سے منعقد ہو رہا ہے۔

منتظمین کے مطابق فیسٹیول میں ہر عمر کے افراد کے لیے خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں بچوں کے لیے آرٹس اینڈ کرافٹس، ثقافتی نمائشیں، جنوبی ایشیائی اور عالمی کھانوں کے اسٹالز، خریداری کے مواقع، موزیک رائزنگ اسٹار مقابلہ اور مختلف تفریحی پروگرام شامل ہیں۔ فیسٹیول میں داخلہ اور پارکنگ مکمل طور پر مفت ہے اور ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔

مسی ساگا۔ایرن ملز سے اونٹاریو کے صوبائی رکنِ اسمبلی شریف صباوی نے کہا کہ 21 برس سے مسلسل منعقد ہونے والا ٹی ڈی موزیک فیسٹیول جنوبی ایشیائی ثقافت، موسیقی اور فنون کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔وہ اشرف خان لودھی سے بات چیت کررہے تھے.انہوں نے ارشد محمود اور اسماء محمود کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کینیڈا میں جنوبی ایشیائی فنکاروں اور ثقافت کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف چند افراد کی نہیں بلکہ پوری کمیونٹی کی مشترکہ کاوش ہے، جبکہ دوسری نسل کے نوجوان فنکاروں کو بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے کے بہترین مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

معروف پاکستانی و ہالی ووڈ اداکار علی کاظمی نےاشرف خان لودھی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا مختلف ثقافتوں، زبانوں اور قومیتوں پر مشتمل ایک خوبصورت “موزیک” ہے اور یہی اس ملک کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ نو برس سے مسلسل ٹی ڈی موزیک فیسٹیول کی میزبانی کر رہے ہیں اور ہر سال اس تقریب کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں۔ ان کے مطابق ارشد محمود اور اسماء محمود ان اولین شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے کینیڈا آمد پر ان کی رہنمائی کی اور ہمیشہ حوصلہ افزائی کی، اسی محبت کے باعث وہ ہر سال اس فیسٹیول کا حصہ بنتے ہیں۔ علی کاظمی نے کہا کہ دو روزہ میلے میں ہزاروں افراد شریک ہوتے ہیں اور مختلف شہروں سے لوگ خصوصی طور پر ان سے ملنے آتے ہیں، جو کسی بھی فنکار کیلئے سب سے بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے پاکستانی اور دیگر کمیونٹیز سے اپیل کی کہ وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ فیسٹیول میں شرکت کریں اور اس خوبصورت ثقافتی ماحول سے لطف اندوز ہوں۔

فیسٹیول کی انتظامی ٹیم سے وابستہ مریم نے کہا کہ ٹی ڈی موزیک گزشتہ 21 برسوں کے دوران مسلسل ترقی کرتا آیا ہے اور آج شمالی امریکہ کے نمایاں جنوبی ایشیائی ثقافتی میلوں میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ وہ گزشتہ تین برس سے انتظامی ٹیم کے ساتھ باقاعدہ کام کر رہی ہیں، تاہم ابتدا ہی سے کسی نہ کسی انداز میں اس فیسٹیول کا حصہ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میلے کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ مختلف ثقافتوں، فنون اور کمیونٹیز کو ایک ہی مقام پر اکٹھا کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسی تقریبات کے لیے لوگوں کو ٹورنٹو جانا پڑتا تھا، لیکن ارشد محمود اور ان کی ٹیم نے عالمی معیار کا یہ فیسٹیول مسی ساگا میں منعقد کر کے مقامی کمیونٹی کو اپنے شہر میں ہی بہترین ثقافتی سرگرمی فراہم کی۔ مریم نے عوام کو دعوت دی کہ وہ فیسٹیول میں شرکت کریں، کیونکہ موسم خوشگوار ہے اور صنم ماروی کی پرفارمنس خصوصی توجہ کا مرکز ہوگی۔

فیسٹیول سے وابستہ شیلا نے کہا کہ ٹی ڈی موزیک ہر سال ترقی کر رہا ہے اور بورڈ ممبران، رضاکاروں اور فنکاروں کی مسلسل محنت نے اس کا معیار نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدا میں یہاں صرف ایک کھلا میدان تھا، لیکن مسلسل منصوبہ بندی اور محنت کے نتیجے میں آج یہ فیسٹیول ایک ایسے مقام پر پہنچ چکا ہے جہاں دور دراز علاقوں سے لوگ خصوصی طور پر شرکت کے لیے آتے ہیں۔ ان کے مطابق فیسٹیول کی کامیابی میں منتظمین، رضاکاروں، بورڈ ممبران اور فنکاروں کی مشترکہ کاوشیں شامل ہیں، جنہوں نے اسے جنوبی ایشیائی ثقافت کے ایک نمایاں اور باوقار میلے کی حیثیت دلائی ہے۔

اس سال فیسٹیول کے ٹائٹل اسپانسر ٹی ڈی بینک گروپ ہیں، جبکہ اس کے انعقاد میں کمیونٹی آرٹس انیشی ایٹو (سی سی اے آئی)، کینیڈین ہیریٹیج، حکومتِ کینیڈا، حکومتِ اونٹاریو، اونٹاریو آرٹس کونسل، سٹی آف مسی ساگا، مسی ساگا آرٹس کونسل، مسی ساگا: اے کلچرل کینوس اور او سی اے ایف ایم سی او تعاون کر رہے ہیں۔ فیسٹیول کے دوران لائیو موسیقی، رقص، ثقافتی پرفارمنس، بچوں کی سرگرمیاں، مختلف اقسام کے کھانے اور خریداری کے مواقع شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔