مسی ساگا:پاک پائنیرز کمیونٹی آرگنائزیشن کی میاں حبیب اللہ کے اعزاز میں تقریب

مسی ساگا(نمائندہ خصوصی) پاک پائنیرز کمیونٹی آرگنائزیشن آف کینیڈا نے کینیڈا کے دورے پر آئے معروف پاکستانی صحافی اور تجزیہ کار میاں حبیب اللہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔

تقریب میں تنظیم کے ارکان نے میاں حبیب اللہ کی گفتگو اور پاکستان، موجودہ حالات اور ان کے صحافتی و عملی تجربات کے حوالے سے خیالات کو دلچسپی سے سنا۔ شرکاء نے ان سے ملاقات اور ان کے قیمتی وقت اور خیالات کو سراہا۔

اس موقع پر پاک پائنیرز کمیونٹی آرگنائزیشن کی جانب سے میاں حبیب اللہ کو کمیونٹی کیلئےان کی خدمات، فعال شرکت اور پاکستان میں کمیونٹی کیلئے ان کی گراں قدر کاوشوں کے اعتراف میں اعزازی ایوارڈ بھی پیش کیا گیا۔تقریب میں طباق ریسٹورنٹ کے حاجی جمیل نے بھی شرکت کی اور اس یادگار اجتماع کی معاونت کی۔

پروگرام کوآرڈینیٹر نوید چوہدری کی جانب سے میاں حبیب اللہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا گیا کہ ایک ممتاز مہمان کی میزبانی ان کیلئےباعثِ اعزاز ہے اور مستقبل میں بھی انہیں دوبارہ خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں۔تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں شرکاء نے میاں حبیب اللہ کی صحافتی خدمات اور کمیونٹی کیلئےان کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔