کراچی(نمائندہ خصوصی)جامعہ دارالعلوم کراچی میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مشترکہ انتخابی اجلاس میں مفتی محمد تقی عثمانی دوسری مرتبہ بلا مقابلہ صدر منتخب ہو گئے، جبکہ مولانا محمد حنیف جالندھری مسلسل ساتویں مرتبہ بلا مقابلہ ناظمِ اعلیٰ منتخب ہوئے۔
وفاق المدارس کے اعلامیے کے مطابق صدر کے عہدے کے لیے مولانا فضل الرحمان نے مفتی محمد تقی عثمانی کا نام پیش کیا، جبکہ ناظمِ اعلیٰ کے لیے بھی مولانا فضل الرحمان نے مولانا محمد حنیف جالندھری کا نام تجویز کیا، جس کی اجلاس میں موجود ایک ہزار سے زائد ارکان نے اتفاقِ رائے سے توثیق کی۔
اعلامیے کے مطابق مفتی محمد تقی عثمانی اور مولانا محمد حنیف جالندھری آئندہ پانچ برس تک وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی قیادت کریں گے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی قیادت مدارس کے اتحاد اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب تحریکیں اصول، حکمتِ عملی اور واضح پالیسی کی بنیاد پر آگے بڑھتی ہیں، جبکہ اختلافِ رائے کو احترام، دلیل اور مکالمے کے دائرے میں رہنا چاہیے۔

