ممبئی (بھارتی میڈیا، انسٹاگرام پوسٹس)بھارتی اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے ایک سوشل میڈیا میم پیج کی جانب سے ان سے منسوب جعلی بیان پر شدید ردعمل دیا ہے۔متعلقہ انسٹاگرام پیج پر دعویٰ کیا گیا تھا کہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ اگر کانگریس رہنما راہول گاندھی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو جائیں تو وہ ان سے شادی کرنے کیلئےتیار ہیں۔
تاہم کنگنا رناوت نے اس پوسٹ کو مکمل طور پر جھوٹ اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کی اور اسے خواتین کی تضحیک کی ایک اور مثال قرار دیا۔انہوں نے اپنے انسٹاگرام بیان میں کہا کہ اس طرح کی جعلی خبریں نہ صرف ان کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ یہ سوشل میڈیا پر خواتین کیخلاف رویے کی بھی عکاسی کرتی ہیں۔
اداکارہ نے اس میم پیج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بغیر تصدیق کے اس طرح کی افواہیں پھیلانا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے اور اس پر شرمندگی ہونی چاہیے۔واضح رہے کہ کنگنا رناوت اس وقت بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے منڈی حلقے سے بی جے پی کی رکنِ لوک سبھا بھی ہیں۔

