ممبئی( بھارتی میڈیا)بالی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے طلاق کا مقدمہ واپس لے لیا، جس کی تصدیق اداکار کے منیجر ششی سنہا نے کردی ہے۔ تازہ پیش رفت کے بعد گووندا اور سنیتا آہوجا کے درمیان ازدواجی اختلافات ختم ہونے اور معاملات معمول پر آنے کی اطلاعات ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنیتا آہوجا ممبئی کی فیملی کورٹ پہنچیں جہاں وہ اپنے بیٹے یشوردھن آہوجا کے ہمراہ دیکھی گئیں۔ ان کی عدالت آمد کے بعد ایک مرتبہ پھر گووندا اور سنیتا کی شادی شدہ زندگی سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔
پاپارازی کی جانب سے سنیتا آہوجا سے عدالت آنے کی وجہ دریافت کی گئی تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ ’’برتھ ڈے منانے آئی تھیں‘‘۔
بعد ازاں گووندا کے منیجر ششی سنہا نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سنیتا آہوجا نے طلاق کا مقدمہ واپس لے لیا ہے اور لوگوں کو اس معاملے پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ ان کے مطابق جوڑے کے درمیان اب سب کچھ ٹھیک ہے۔
ششی سنہا نے کہا کہ سنیتا عدالت میں سخت یا غصے کے انداز میں نظر آئیں تو لوگوں نے سمجھا کہ شاید کوئی نیا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے، تاہم حقیقت میں ایسا نہیں ہے اور معاملہ حل ہوچکا ہے۔
گووندا اور سنیتا آہوجا کے درمیان ازدواجی اختلافات کی خبریں گزشتہ برس سامنے آئی تھیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیتا نے 5 دسمبر 2024ء کو باندرہ فیملی کورٹ میں ہندو میرج ایکٹ 1955ء کے تحت طلاق کی درخواست دائر کی تھی، جس میں مبینہ بے وفائی، بدسلوکی اور علیحدگی کو بنیاد بنایا گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق عدالت کی جانب سے گووندا کو طلب کیا گیا تھا اور بعد میں مئی 2025ء میں ان کی عدم حاضری پر نوٹس بھی جاری ہوا تھا، جبکہ جون 2025ء سے دونوں کے درمیان عدالت کی ہدایت پر کاؤنسلنگ جاری رہنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔
اس دوران گووندا کے وکیل للت بندرا اور منیجر ششی سنہا نے طلاق سے متعلق خبروں کو پرانا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ معاملات طے کیے جارہے ہیں۔ وکیل نے واضح کیا تھا کہ معاملہ حل ہونے کی طرف بڑھ رہا ہے۔
سنیتا آہوجا اور گووندا کی شادی 1987ء میں ہوئی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں، بیٹی ٹینا آہوجا اور بیٹا یشوردھن آہوجا۔تازہ پیش رفت کے بعد سنیتا آہوجا کی جانب سے طلاق کا مقدمہ واپس لیے جانے سے گووندا اور ان کی اہلیہ کے درمیان علیحدگی سے متعلق کئی ماہ سے جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔

