ممبئی:شاہ رخ خان نے دہلی کا آبائی گھر مکمل طور پر خرید لیا

ممبئی (بھارتی میڈیا)بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے دہلی میں واقع اپنے آبائی گھر کی باقی دو منزلیں بھی تقریباً 37 کروڑ بھارتی روپے میں خرید کر پوری جائیداد اپنی ملکیت میں لے لی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی دہلی کے پوش علاقے پنچ شیل پارک میں واقع اس گھر میں شاہ رخ خان اور گوری خان نے 25 اکتوبر 1991ء کو شادی کے بعد اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز کیا تھا۔ اس خریداری کے بعد وہ اس پوری رہائشی عمارت کے واحد مالک بن گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان پہلے ہی اس عمارت کے تہہ خانے اور پہلی منزل کے مالک تھے، جبکہ اب انہوں نے تقریباً 37 کروڑ بھارتی روپے میں دوسری اور تیسری منزل بھی خرید لی ہے۔

یہ گھر تقریباً 1200 مربع گز (تقریباً 10800 مربع فٹ) کے پلاٹ پر تعمیر ہے اور جنوبی دہلی کے معروف رہائشی علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ اگرچہ اس جائیداد کی مالی مالیت بہت زیادہ ہے، تاہم شاہ رخ خان اور گوری خان کے لیے اس کی اصل اہمیت اس سے وابستہ یادوں اور جذبات میں ہے۔

گوری خان ایک انٹرویو میں بتا چکی ہیں کہ یہ گھر ان کے لیے بے حد خاص ہے، کیونکہ وہ اپنی والدہ کے گھر کے قریب رہنا چاہتی تھیں اور خاندان کی یادوں کو ایک ہی جگہ محفوظ رکھنا ان کی خواہش تھی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اس گھر میں ایک دیوار پر ان کے بچوں آریان، سہانا اور ابرام کے بچپن کی یادگار اشیا بھی آویزاں ہیں۔