مونٹریال ( بین الاقوامی اسپورٹس میڈیا، فیفا رپورٹس)کینیڈا کے شہر مونٹریال میں منعقد ہونے والی 76ویں فیفا کانگریس کا اختتام اس پیغام کے ساتھ ہوا کہ کھیل کے ذریعے دنیا کو متحد رکھا جائے۔
شرکاء نے کہا کہ شمالی امریکہ میں ہونیوالا آئندہ فیفا ورلڈ کپ دنیا بھر کے لوگوں کو ہم آہنگی اور احترام کے جذبے کے ساتھ اکٹھا کرے گا۔ اجلاس میں کھیل کے ذریعے نسل پرستی کے خاتمے کے عزم کو بھی دہرایا گیا۔
فیفا ممبر ایسوسی ایشنز کے اجتماع میں فیفا صدر کی جانب سے امن اور اتحاد کی اپیل کو سراہا گیا اور کانگریس نے نسل پرستی کے خلاف جنگ میں پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے 2027 میں دوبارہ انتخاب لڑنے کے ارادے کا اظہار بھی کیا۔
دریں اثناء پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے وینکوور میں منعقدہ اجلاس کے موقع پر اے ایف سی کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ سے ملاقات کی۔شیخ سلمان نے پاکستانی فٹبال کیلئے مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف ایف کا استحکام ایشیائی فٹبال فیملی کیلئے کلیدی ترجیح ہے۔
انہوں نے گزشتہ ایک سال میں پی ایف ایف کی کارکردگی کو سراہا جن میں فیفا ایرینا، پچز کی تیاری، فیفا ای نیشنز لیگ میں شمولیت، خواتین فٹبال کی بہتری اور اقوام متحدہ کے تعاون سے مینٹل ہیلتھ اقدام شامل ہیں۔اسی دوران پی ایف ایف وفد نے وینکوور میں تھائی لینڈ، گیانا، نمیبیا اور بارباڈوس کی فٹبال ایسوسی ایشنز کے صدور سے بھی ملاقاتیں کیں۔

