مونٹریال:ایئر کینیڈا کایونین سے ثالثی معاہدے کے بعد آپریشنز بحال کرنے کا اعلان

مونٹریال(نمائندہ خصوصی) – ایئر کینیڈا نے اعلان کیا ہے کہ فضائی میزبانوں (Flight Attendants) کی یونین کینیڈین یونین آف پبلک ایمپلائز (CUPE) کے ساتھ ثالثی عمل کے ذریعے معاہدہ طے پانے کے بعد، آج سے اپنی پروازیں مرحلہ وار بحال کرے گی۔ یہ ثالثی عمل فریقین کی رضامندی سے مقرر کیے گئے ثالث ولیم کاپلن کی نگرانی میں مکمل ہوا۔ معاہدے کے تحت یونین نے 10 ہزار فضائی میزبانوں کی فوری واپسی کی یقین دہانی کرائی ہے، جس سے ایئر کینیڈا اور ایئر کینیڈا روج کی پروازیں دوبارہ شروع ہوسکیں گی جو 16 اگست سے معطل تھیں۔

ایئر کینیڈا کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مائیکل روسو نے کہا’’ہماری سروس کی معطلی ہمارے صارفین کیلئے نہایت تکلیف دہ تھی۔ ہم اس مزدور تنازعے کے اثرات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ اب ہماری اولین ترجیح اپنے مسافروں کو جلد از جلد منزل تک پہنچانا ہے۔ کسی بڑے ایئرلائن کو دوبارہ مکمل آپریشنل بنانا ایک پیچیدہ عمل ہے اور اس میں ایک ہفتہ یا اس سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے، اسلئےہم اپنے صارفین سے صبر اور تعاون کی درخواست کرتے ہیں۔‘‘

ایئر کینیڈا کے مطابق پہلی پروازیں 19 اگست کی شام کو شیڈول ہیں، تاہم عملے اور جہازوں کی پوزیشن کی بحالی کے باعث باقاعدہ اور مکمل سروس بحال ہونے میں 7 سے 10 دن لگ سکتے ہیں۔ اس دوران کچھ پروازیں منسوخ بھی ہوں گی۔

کمپنی نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ صرف وہی صارفین ایئرپورٹ آئیں جن کی پرواز کی تصدیق شدہ بکنگ موجود ہے اور وہ شیڈول کے مطابق آپریٹ کر رہی ہے۔ پرواز کی صورتحال aircanada.com یا موبائل ایپ پر دیکھی جا سکتی ہے۔ منسوخ شدہ پروازوں کے متاثرہ مسافروں کو مکمل ریفنڈ، مستقبل کی سفری کریڈٹ یا دیگر ایئرلائنز پر ری بکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی، تاہم موسم گرما کے رش کے باعث متبادل نشستوں کی گنجائش محدود ہے۔

ایئر کینیڈا نے وضاحت کی کہ ثالثی معاہدے پر باضابطہ منظوری (Ratification) مکمل ہونے تک مزید تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔ تاہم اس دوران یا پھر کسی لازمی ثالثی عمل کے تحت ہڑتال یا لاک آؤٹ ممکن نہیں، لہٰذا صارفین بلا جھجک اپنی پروازوں کی منصوبہ بندی اور بکنگ کر سکتے ہیں۔

ایئر کینیڈا ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن، قومی پرچم بردار اور اسٹار الائنس کی بانی رکن ہے۔ یہ دنیا بھر میں 180 سے زائد مقامات تک پروازوں کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ ایئر کینیڈا کو اسکائی ٹریکس کی جانب سے چار ستارہ درجہ بندی حاصل ہے۔ اس کا ایوارڈ یافتہ لائلٹی پروگرام ایروپلین (Aeroplan) دنیا کے سب سے بڑے پارٹنر نیٹ ورک کے ذریعے صارفین کو پوائنٹس کمانے اور خرچ کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

ایئر کینیڈا ویکیشنز کے ذریعے کمپنی دنیا بھر کے سیکڑوں مقامات تک ہوٹل، کروز، ٹورز اور کار رینٹل سمیت سب سے وسیع سفری سہولتیں پیش کرتی ہے۔ اس کا کارگو ڈویژن ایئر کینیڈا کارگو چھ براعظموں میں کارگو کنیکٹیویٹی فراہم کرتا ہے۔ کمپنی نے 2050 تک گرین ہاؤس گیس کے اخراج میں نیٹ زیرو ہدف حاصل کرنے کا عزم کیا ہے۔ایئر کینیڈا کے شیئرز کینیڈا میں TSX اور امریکا میں OTCQX پر ٹریڈ ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں