میکرون کی جنرل اسمبلی میں غزہ ڈپلومیسی پر کڑی تنقید، باعثِ شرمندگی قرار دے دیا

نیویارک(رائٹرز، قطر نیوز ایجنسی، اناطولیہ نیوز ایجنسی) فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں غزہ کی صورتحال پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نام نہاد امن کے باوجود ایک بھی انسانی راہداری دوبارہ نہیں کھولی گئی۔

میکرون نے کہا کہ غزہ میں امن کے دعوے کیے جا رہے ہیں لیکن انسانی امداد کی رسائی بحال نہیں ہوئی، یہ صورتحال ہم سب کیلئے باعثِ شرمندگی ہے۔فرانسیسی صدر نے سوال اٹھایا کہ اگر عالمی برادری غزہ کی صورتحال پر غیر فعال رہتی ہے تو اس کی ساکھ کیا رہ جائے گی۔

میکرون نے مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے تشدد اور خلاف ورزیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ہونے والے اقدامات فلسطینی عوام کے وجود کے جائز حق پر مبنی منصوبے کے امکانات کو روز بروز ختم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی سلامتی پڑوسی ممالک کی خودمختاری کی خلاف ورزی سے یقینی نہیں بنائی جاسکتی، ایسے اقدامات اسرائیل کی موجودہ اور مستقبل کی سلامتی کو کمزور کرتے ہیں۔