نیویارک(پاکستان قونصل خانہ نیویارک)پاکستانی نژاد امریکی برادری نے نیویارک میں بینک آف پنجاب کے صدر اور معروف کتاب ’’سیٹ ون سی‘‘ کے مصنف ظفر مسعود کے اعزاز میں ایک خصوصی اور تعاملی نشست کا اہتمام کیا، جس میں کاروباری شخصیات، پیشہ ور افراد اور کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب ممتاز کاروباری شخصیت اور کمیونٹی رہنما ڈاکٹر عابد شیخ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی۔ اس موقع پر امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ، نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور پاکستانی نژاد امریکی برادری کے متعدد ارکان بھی موجود تھے۔

مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر عابد شیخ نے ظفر مسعود کی پاکستان کے مالیاتی شعبے میں خدمات کو سراہا اور ان کی کتاب”سیٹ ون سی”کو حوصلے، قیادت، شکرگزاری اور مقصدیت پر مبنی ایک متاثر کن تصنیف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتاب 2020 کے المناک پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز طیارہ حادثے کے پس منظر سے کہیں بڑھ کر زندگی کے اہم اسباق فراہم کرتی ہے۔ ظفر مسعود اس حادثے میں زندہ بچ جانیوالے دو افراد میں شامل تھے۔

اپنے خطاب میں سفیر رضوان سعید شیخ اور قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے پاکستان کے بینکاری اور مالیاتی شعبے میں ظفر مسعود کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی آزمائش کو دوسروں کے لیے حوصلہ افزا پیغام میں تبدیل کرنا ایک قابلِ ستائش کارنامہ ہے۔ دونوں شخصیات نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کے فروغ اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں پاکستانی نژاد امریکی برادری کے کردار کو بھی سراہا۔

ظفر مسعود نے اپنے پیشہ ورانہ سفر اور کتاب کے اہم نکات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مشکلات کے باوجود ثابت قدمی، بامقصد قیادت اور زندگی کے کٹھن لمحات سے حاصل ہونے والے اسباق انسان کی شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست ہوئی جس میں شرکاء نے مختلف موضوعات پر ظفر مسعود سے تبادلۂ خیال کیا، جبکہ بعد ازاں غیر رسمی ملاقات کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

