نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں چاقو بردار خاتون کا حملہ،بینک آف امریکا کی نائب صدرہلاک

نیویارک(رائٹرز، اے پی)نیویارک کے مصروف ترین علاقے ٹائمز اسکوائر میں چاقو بردار 49 سالہ خاتون نے دو افراد پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں بینک آف امریکا کی 32 سالہ نائب صدر ایرن پیاسینٹی ہلاک جبکہ ایک 68 سالہ شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور پامیلا سسنیروس نے دو بڑے چاقوؤں سے دونوں افراد کو نشانہ بنایا۔ پولیس اہلکاروں نے اسے ہتھیار پھینکنے کا حکم دیا، تاہم وہ پولیس کی جانب بڑھی، جس پر اہلکاروں نے فائرنگ کرکے اسے ہلاک کردیا۔

نیویارک پولیس کمشنر کے مطابق واقعہ بظاہر اچانک اور بلا اشتعال تھا اور اسے دہشت گردی سے جوڑنے کے شواہد نہیں ملے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کی ذہنی صحت سے متعلق سابقہ ریکارڈ بھی موجود تھا۔بینک آف امریکا نے ایرن پیاسینٹی کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک قابل قدر ساتھی قرار دیا ہے۔