راولپنڈی (آئی ایس پی آر) بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق آپریشن 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب ضلع واشک میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا۔ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے واشک میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دہشت گردوں کی ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔

