ورلڈ کپ آفیشلز کی فہرست سے خارج ہونیوالے ڈچ ریفری روب ڈیپرِنک انتقال کر گئے

ایمسٹرڈیم(این او ایس/ڈچ فٹبال ایسوسی ایشن) نیدرلینڈز کے معروف فٹبال ریفری روب ڈیپرِنک 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی وفات کی تصدیق ڈچ فٹبال ایسوسی ایشن (کے این وی بی) نے کی ہے، تاہم موت کی وجہ فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔

رواں سال روب ڈیپرِنک کو فیفا ورلڈ کپ میں ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں، لیکن برطانیہ میں ایک 17 سالہ لڑکے سے مبینہ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتاری کے بعد فیفا نے انہیں ورلڈ کپ آفیشلز کی فہرست سے خارج کر دیا تھا۔ بعد ازاں برطانوی پولیس نے شواہد ناکافی قرار دیتے ہوئے مقدمہ ختم کر دیا اور ان کے خلاف مزید کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔

اس وقت روب ڈیپرِنک نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے پولیس، فیفا، یوئیفا اور ڈچ فٹبال ایسوسی ایشن کے ساتھ مکمل تعاون کیا، تاہم ورلڈ کپ سے محروم ہونا ان کے لیے انتہائی مایوس کن تھا۔

روب ڈیپرِنک نے 2012 میں پیشہ ورانہ ریفری کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا، جبکہ 2017 میں وہ نیدرلینڈز کی ایریڈیویزی لیگ میں ریفری بنے۔ وہ 2024 کی یورپی چیمپئن شپ میں ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) کے فرائض بھی انجام دے چکے تھے اور حالیہ عرصے تک ڈچ لیگ میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔