ورلڈ کپ ہاکی: جنوبی افریقا کو شکست، پاکستان نے 11ویں پوزیشن حاصل کرلی

ایمسٹلوین (سپورٹس ڈیسک) چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی۔

ایمسٹلوین میں کھیلے گئے پوزیشن میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے کوارٹر میں گول کرکے برتری حاصل کی، جبکہ دوسرے کوارٹر میں مزید ایک گول کرکے پاکستان کے خلاف 2-0 کی برتری بنا لی۔

پاکستان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پہلے افراز اور پھر محمد حماد کے گول کی بدولت مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ ہاف ٹائم تک دونوں ٹیموں کا اسکور برابر رہا۔

تیسرے کوارٹر کے آغاز میں کپتان رانا وحید نے گول کرکے پاکستان کو 3-2 کی برتری دلائی، تاہم جنوبی افریقا نے آٹھ منٹ بعد گول کرکے مقابلہ ایک بار پھر 3-3 سے برابر کردیا۔

میچ ختم ہونے سے پانچ منٹ قبل جنوبی افریقا نے پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے 4-3 کی برتری حاصل کرلی، تاہم اختتامی لمحات میں حماد الدین نے شاندار گول کرکے پاکستان کو شکست سے بچاتے ہوئے اسکور 4-4 کردیا۔

مقررہ وقت تک مقابلہ برابر رہنے کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، جہاں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 4-3 سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا اختتام 11ویں پوزیشن پر کیا۔

پاکستان نے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 6 میچز کھیلے، جن میں 2 میں کامیابی حاصل کی، 3 میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ برابر رہا۔