ویسٹ انڈیز ویمنز نے اسکاٹ لینڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی

لیڈز ( آئی سی سی، ای ایس پی این کرک انفو، رائٹرز)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز ویمنز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسکاٹ لینڈ ویمنز کو 7 رنز سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کرلی۔

لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔ اسٹیفنی ٹیلر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر 47 رنز اسکور کیے، جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے، جبکہ شیمین کیمبل نے 36 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کیتھرین فریزر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم ایک مرحلے پر مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہی تھی، تاہم آخری دو اوورز میں مسلسل پانچ وکٹیں گرنے سے میچ اس کے ہاتھ سے نکل گیا۔

ڈیرسی کارٹر نے 59 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، جبکہ ایلیسا لسٹر نے 33 رنز بنائے، لیکن دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد اسکاٹش بیٹنگ لائن دباؤ برداشت نہ کرسکی۔اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 146 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور ویسٹ انڈیز نے 7 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔