ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، انگلینڈ نے سری لنکا کو شکست دے دی

برمنگھم( غیر ملکی میڈیا)ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے سری لنکا کو شکست دے دی۔برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 219 رنز بنائے۔ اوپنرز ایمی جونز اور ڈینی ویاٹ ہوج نے شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 135 رنز جوڑے۔ ایمی جونز 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

دوسری وکٹ پر ڈینی ویاٹ ہوج اور کپتان نیٹ شوائر برنٹ نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور حریف بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ ڈینی ویاٹ ہوج نے 61 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور 62 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 105 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں، جبکہ نیٹ شوائر برنٹ نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور اننگز کی آخری گیند پر 132 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ نیلاک شیکا سلوا 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔انگلینڈ کی جانب سے فریا کیمپ نے چار جبکہ سوفی ایکلسٹون اور چارلی ڈین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔