ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ: پاکستان کو ہرا کر سری لنکا فائنل میں پہنچ گیا

دبئی ( خبر ایجنسیاں) ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔ کپتان فاطمہ ثناء نے ناقابلِ شکست 47 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ شوال ذوالفقار نے 24 اور گل فیروزہ نے 21 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے چماری اتاپتو اور چمودی پرودا نے 2،2 جبکہ سگوندیگا کماری نے ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکا نے 131 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ہرشیتھا سمارا وکراما نے 36 اور کویشا دلہاری نے 33 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثناء نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعدیہ اقبال اور ام ہانی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا فائنل 13 ستمبر کو بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔