لندن( آئی سی سی)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسکاٹ لینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ سارا برائس 47 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں، جبکہ ڈارسی کارٹر نے 34 اور کپتان کیتھرین برائس نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔
152 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے جارحانہ آغاز کیا۔ کپتان چماری اتاپتو نے صرف 16 گیندوں پر 33 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی، جبکہ ہرشیتا سماراوکرما نے 27 اور حسینی پریرا نے 23 رنز اسکور کیے۔
اختتامی اوورز میں نیلاکشیکا سلوا نے 21 رنز کی ذمہ دارانہ ناقابلِ شکست اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، جبکہ سوگندھیکا کماری 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 19.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کیتھرین فریزر، کیتھرین برائس اور راشل سلیٹر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

