لندن( آئی سی سی، کرک انفو، کرک بز)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم گروپ میچ میں انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ کپتان میلی کیر نے 42 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ سوفی ڈیوائن نے 30 اور ایزابیلا گیز نے 28 رنز اسکور کیے۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈینی گبسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف 18ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ڈینی ویٹ ہوج نے 53 گیندوں پر 89 رنز کی ناقابلِ شکست جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ سوفیہ ڈنکلے 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 128 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کرکے ٹیم کو بڑی فتح دلائی۔
اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے سیمی فائنل میں اپنی جگہ مضبوط کر لی، جبکہ دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ ایونٹ سے باہر ہوگیا۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز آخری گروپ میچ میں آئرلینڈ سے شکست کے باوجود بہتر رن ریٹ اور پوائنٹس کی بنیاد پر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہا۔

