برمنگھم ( آئی سی سی، غیرملکی میڈیا)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ 2026 کے گروپ میچ میں بھارتی ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو 64 رنز سے شکست دے دی۔برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔
بھارتی اننگز کا آغاز زیادہ مضبوط نہ رہا اور پہلی وکٹ صرف 6 رنز پر گر گئی جب شیفالی ورما 6 رنز بنا کر سعدیہ اقبال کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد دوسری وکٹ 18 رنز پر گری جب جمائمہ روڈریگز 1 رن بنا کر تسمیہ رباب کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔
ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد بھارتی مڈل آرڈر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کو سہارا دیا۔ سمرتی مندھانا اور کپتان ہرمن پریت کور نے شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور کو مستحکم کیا۔ سمرتی مندھانا نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کے لیے اہم بنیاد فراہم کی۔
تاہم بعد میں ہرمن پریت کور بھی آؤٹ ہوگئیں، جس کے بعد بھارت کا مڈل آرڈر دوبارہ دباؤ میں آگیا، لیکن رِچا گھوش نے آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 170 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دیگر بولرز بھارتی بیٹرز کو زیادہ نہ روک سکیں۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور 17 اوورز میں 106 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی منیبہ اقبال 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ عالیہ ریاض نے 18 رنز بنائے۔ دیگر بیٹرز بھارتی اسپن اٹیک کے سامنے مزاحمت نہ کر سکیں۔بھارت کی بولنگ میں دیپتی شرما نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 10 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔
میچ کا اہم موڑ اس وقت آیا جب پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں جبکہ سیٹ بیٹر منیبہ علی رن آؤٹ ہوگئیں، جس کے بعد پاکستانی ٹیم دباؤ میں آکر سنبھل نہ سکی۔بھارت نے منظم بولنگ اور بہترین فیلڈنگ کی بدولت پاکستان کو مطلوبہ رن ریٹ برقرار رکھنے نہ دیا اور میچ 64 رنز سے اپنے نام کر لیا۔
اس سے قبل بھارتی ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو جیت کیلئے171 رنز کا ہدف دیا تھا۔میچ شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کے فینز بڑی تعداد میں اسٹیڈیم میں موجود تھے جبکہ ٹاس کے بعد دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ نہیں کیا۔
بھارتی کپتان ہرمن پریت کور نے کہا کہ پچ بیٹنگ کیلئےسازگار لگ رہی تھی اس لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی توجہ اپنی پلاننگ پر عمل کرنے پر ہے۔پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا کہ ٹیم دونوں شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کر رہی ہے اور ان کے پاس مضبوط بولنگ یونٹ موجود ہے۔

